0
Tuesday 11 May 2021 22:32

کراچی، عید تک مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دی جائے، تاجروں‌ کی چیف جسٹس اور آرمی چیف سے اپیل

کراچی، عید تک مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دی جائے، تاجروں‌ کی چیف جسٹس اور آرمی چیف سے اپیل
اسلام ٹائمز۔ آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن نے چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف آف آرمی اسٹاف سے عید تک کاروبار کھولنے کی اجازت دینے کی اپیل کردی۔ تفصیلاات کے مطابق آل سٹی تاجراتحاد ایسوسی ایشن نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اپیل کی کہ تاجر عید سیزن کیلئے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ شرجیل گلوپلانی نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے مارکیٹ کا وقت کم ہونے کی وجہ سے عوام 30 فیصد بھی خریداری نہ کرسکے، دکانداروں کو عید تک کاروبار کھولنے کی اجازت دی جائے۔ دوسری جانب کراچی چیمبر نے سندھ حکومت سے اپیل کی کہ وہ تاجروں اور دکان داروں کو عید سے قبل آخری 2 دن افطار سے سحری تک تمام دکانیں کھولنے کی اجازت دے۔ کراچی چمبر کے چیئرمین زبیر موتی والا کا کہنا تھا کہ شہر قائد میں کورونا کیسز کے اعداد و شمار اتنے برے نہیں، دکانداروں کو بدھ اور جمعرات کو افطار سے سحری تک کاروبار کرنے دیا جائے، سندھ حکومت پریشان حال دکان داروں اور چھوٹے تاجروں پر رحم دلی کا مظاہرہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا پھیلاؤ روکنے کے لئے عائد ہونے والی سخت پابندیوں کے نتیجے میں سنگین معاشی نقصانات ہوئے، جنہیں کم کرنے کے لئے عید سے قبل آخری 2 دن ہر قسم کے کاروبار کوافطار سے سحری تک کھولنے کی اجازت دی جائے کیونکہ اس کی گنجائش بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکانیں اور مارکیٹیں کھلنے سے شہری اپنی عید کی نامکمل خریداری مکمل کرلیں گے۔ زبیر موتی والا نے مزید کہا کہ کراچی چیمبر پر سندھ حکومت کو قائل کرنے کے لئے تاجروں کا شدید دباؤ ہے، کمرشل مارکیٹوں کے نمائندوں نے ان 2 دنوں میں ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی ہے، رات گئے بازار کھولنے کی اجازت دینے سے سماجی فاصلے پر عمل ہوگا اور عوام کا رش بھی نہیں ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سندھ حکومت عید سے قبل آخری 2 روز کے لئے افطار سے سحری تک کاروبار بند رکھنے کی پابندیوں میں نرمی کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 932106
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش