0
Friday 23 Jul 2021 15:29

کورونا وبا، سندھ میں تعلیمی ادارے اور شادی ہالز بند کرنے کا فیصلہ

کورونا وبا، سندھ میں تعلیمی ادارے اور شادی ہالز بند کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں کورونا وائرس ایک مرتبہ پھر بے قابو ہو گیا، جس کی وجہ سے سندھ حکومت نے پیر سے پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کورونا ٹاسک فورس نے صوبے میں کرونا کیسز کی شرح 10 فیصد اور کراچی میں کیسز کی شرح 25 فیصد سے تجاوز کرنے پر ایک بار پھر پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت ہونے والے کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں صوبے میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث پیر سے تعلیمی ادارے بند کرنے، شادی ہالز اور دیگر تقریبات پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں صوبائی وزراء سعید غنی، جام اکرام، مشیرِ قانون مرتضیٰ وہاب، ہیلتھ پارلیمنٹری سیکریٹری قاسم سومرو، آئی جی سندھ مشتاق مہر، اے سی ایس ہوم قاضی شاہد پرویز، وزیرِ اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری خزانہ حسن نقوی، سیکریٹری صحت کاظم جتوئی، ڈاکٹر باری، ڈاکٹر سارا، ڈاکٹر قیصر سجاد، سعید قریشی، کور فائیو ،رینجرز اور دیگر اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ویکسین نہ لگانے والے افراد کی موبائل سمز بند کرا دی جائے گی، ان افراد کی موبائل سمز بند کرنے کیلئے وفاقی حکومت کے ذریعے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو خط بھی لکھا جائے گا۔ خط میں لکھا جائے گا کہ پی ٹی اے تمام لوگوں کو پیغام بھیجے کہ وہ ویکسینیشن کروائیں، ویکسینیشن نہ کروانے والوں کی سمیں بند کر دی جائیں۔ کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جن سرکاری ملازمین نے کورونا ویکسین نہیں لگوائی، ان کی تنخواہیں آئندہ ماہ سے بند کرنے کیلئے اقدامات کیئے جائیں گے، اس سلسلے میں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے سیکریٹری فنانس کو اے جی سندھ سے رابطہ کرنے کی ہدایت دے دی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق ہوں گے، انتخابات اپنے شیڈول کے مطابق ہوں گے، سرکاری اور نجی سیکٹرز میں 50 فیصد اسٹاف حاضر ہو گا۔ کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیر سے شاپنگ مال اور مارکیٹیں صبح 6 سے شام 6 بجے تک کھلیں گی۔ اجلاس میں جمعے اور اتوار کو محفوظ دن قرار دیتے ہوئے ان دونوں دنوں میں مارکیٹیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم کھانے پینے کی اشیاء، کریانہ و دودھ کی دکانیں، بیکریاں اور میڈیکل اسٹورز کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی۔ اجلاس میں سندھ بھر میں درگاہیں بھی بند کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، فیصلہ کیا گیا کہ ریسٹورنٹس کی انڈور اور آؤٹ ڈور دونوں بند ہوں گی، ٹیک اوے کی اجازت ہو گی، ان تمام فیصلوں پر پیر سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 944716
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش