0
Saturday 24 Jul 2021 22:48

پنجاب میں گھر گھر کورونا ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ

پنجاب میں گھر گھر کورونا ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ پنجاب حکومت نے کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر کورونا ویکسین لگانے کی خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا، مہم 26 جولائی سے 10 اگست تک جاری رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرہ کے پیش نظر پنجاب کے 5 بڑے شہروں میں کورونا ویکسین لگانے کی خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا گیا، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان میں مہم چلائی جائے گی اور یہ مہم 26 جولائی سے 10 اگست تک جاری رہے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ خصوصی مہم کے دوران موبائل ٹیمیں شہریوں کو ویکسین لگائیں گی جبکہ مارکیٹوں اور بازاروں میں جا کر دکانداروں سمیت اسپتالوں میں مریضوں، ان کے تیمارداروں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے خصوصی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے انتظامیہ کو متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی چوتھی لہر کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ویکسی نیشن ضروری ہے، شہری ویکسین لگوا کر کورونا سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ویکسین لگوائیں، ایس او پیز پر بھی عمل کریں، کورونا ویکسی نیشن کی خصوصی مہم کی خود نگرانی کروں گا، شہریوں کے تعاون سے ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کریں گے۔ دوسری جانب ڈاکٹر یاسمین راشد نے گھر گھر کورونا ویکسینیشن مہم شروع کرنے کے معاملے پر کہا کہ 14 اگست تک لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان کی 18 سال سے زائد عمر کی 40 فیصد آبادی اور راولپنڈی کی 70 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے کا ہدف دیا ہے۔ وزیر صحت پنجاب نے ہدایت کی لاہور میں ڈرائیو تھرو ویکسینیشن سینٹرز میں اضافہ کیا جائے، کورونا سے بچاؤ کا واحد حل ویکسینیشن اور ایس او پیز پر عمل ہے۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ این سی او سی کی جانب سے دیئے گئے ویکسینیشن کے اہداف کو پورا کیا جائے گا، گھر گھر ویکسینیشن کیلئے موبائل ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، شہری ویکسین لگوانے کیساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل بھی جاری رکھیں۔
خبر کا کوڈ : 944938
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش