?>?> کمی وسائل میں نہیں بلکہ کمی عمران حکومت کی اہلیت میں ہے، اسماعیل راہو - اسلام ٹائمز
0
Saturday 25 Dec 2021 21:04

کمی وسائل میں نہیں بلکہ کمی عمران حکومت کی اہلیت میں ہے، اسماعیل راہو

کمی وسائل میں نہیں بلکہ کمی عمران حکومت کی اہلیت میں ہے، اسماعیل راہو
اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت نے حماد اظہر کے گیس کے قدرتی ذخائر میں ہرسال کمی ہونے والے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ کمی وسائل میں نہیں بلکہ کمی عمران حکومت کی اہلیت میں ہے۔ وزیر جامعات و ماحولیات اسماعیل راہو کا مزید رد عمل میں کہنا تھا کہ سندھ، بلوچستان میں گیس کے قدرتی ذخائر میں کوئی کمی نہیں ہو رہی، حماد اظہر جھوٹ بول رہے ہیں، گیس کے قدرتی ذخائر میں کمی پہلے کیوں نہیں تھی جو آپ کی حکومت میں ہو رہی ہے؟ اسماعیل راہو کا وزیراعظم سے گیس لوڈشیڈنگ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ کو بغیر لوڈشیڈنگ کے گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ستر فیصد گیس پیدا کرنے والے صوبہ سندھ کے عوام عمران حکومت کی نااہلی کی وجہ سے اپلوں پر کھانا پکانے پر مجبور ہیں۔ وزیر ماحولیات کا کہنا تھا کہ آئین کا آرٹیکل 158 کہتا ہے کہ جس صوبہ سے گیس نکلتی ہے اس کا پہلا حق ہے، عمران حکومت جان بوجھ کر ملک میں گیس بحران پیدا کرکے ایل این جی مافیاز کا ساتھ دے رہی ہے، اپلوں کا دھواں ماحولیات کے لئے نقصان دہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پہلے ہی پانی کی کمی اور ڈیلٹا کی بدحالی کی وجہ سے موسمیاتی تبدیلی کا شکار ہو رہا ہے، عمران حکومت سندھ دشمن ہے، سندھ کا پہلے پانی بند کیا گیا اب گیس بند کی گئی ہے، اب تو خود حکومتی اراکین بھی گیس بحران پر اپنی حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ سندھ کی گیس سندھ کو میسر نہیں اس سے بڑا سندھ کے عوام کیساتھ ظلم اور کیا ہوگا؟ کراچی سے کشمور تک گیس بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے مگر بنی گالا کا سلیکٹڈ خاموش ہے، سندھ کے بیشتر علاقوں میں گیس بند ہے اگر سپلائی ہے تو کم پریشر یا قلت کا سامنا ہے۔ اسماعیل راہو نے حکومتی اتحادیوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جی ڈی اے اور ایم کیو ایم وزارتوں کی لالچ میں سندھ کے حقوق کی بات نہیں کرتے، سندھ کے حصے کی گیس دیگر صوبوں کو دینا ظلم ہے، صنعتوں اور گھریلو صارفین کو گیس مل نہیں رہی پھر جا کہاں رہی ہے، عمران حکومت جواب دے۔
خبر کا کوڈ : 970285
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش